29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومقومی خبریںتعلیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے،تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی...

تعلیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے،تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،گورنر پنجاب

- Advertisement -

لاہور۔24نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے،تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،متحدہ عرب امارات کا پاکستان میں تعلیمی و دیگر شعبوں میں تعاون قابل ستائش ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گور نر ہائوس لاہور میں انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر لاہور کے کانوووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی،سینیٹر میاں عمران مسعود،چانسلر محمد فیصل جنجوعہ،پرو وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز اے قریشی،ڈینز، فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کی کثیرتعداد موجود تھی۔تقریب میں گورنر پنجاب نے انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو اعزازی ڈگری سے نوازا۔

- Advertisement -

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی کا نمایاں کردار ہے،گورنر پنجاب نے پاکستان میں معاشی،سماجی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا، تعلیم کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ پاکستان میں کوالٹی آف ایجوکیشن بہتر ہو رہی ہے،دوسرے ممالک سے آنے والے طلبا وطالبات پاکستان کی یونیورسٹیوں کے معیارکو سراہتے ہیں ،عالمی رینکنگ میں پاکستانی یونیورسٹیاں بھی شامل ہو رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہ ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک کی خدمت کریں،بجٹ میں تعلیم کے لیے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے تعلیم کو فروغ دے کر ہی ہم ملک کو خوشحال بنا سکتے ہیں،تعلیم اور ٹیکنالوجی سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے آگے بڑھنے کا ذریعہ بنتی ہے،نوجوان انٹر پرینیور،سائنسدان اور پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کر کے ملک کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے تعلیم کے وسیع مواقع موجود ہیں،پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد سکالر شپ پر بیرون ممالک میں پی ایچ ڈی کرنے کے لیے جار ہی ہے،انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ بیرون ممالک میں تعلیم حاصل کرکے واپس آ کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کر دار ادا کریں۔گورنر پنجاب نے تعلیم کے شعبہ میں متحدہ عرب امارات کے کردار کی خصوصی طور پر تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوان ایکسچینج پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کریں،متحدہ عرب امارات کے سفیر نے دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے،

فلسطین پر اسرائیلی بربریت کے حوالے سے گورنر پنجاب نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بے گناہ سویلین آبادی پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے،عورتوں اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے،ہسپتالوں پر حملے کر کے انہیں تباہ کیا جارہا ہے،ہمیں اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔تقریب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ اعزازی ڈگری ملنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے،مہمان نوازی کا شکریہ ادا کر تا ہوں،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات مثالی ہیں،دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے پیار کر تے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ لاہور آرٹ اینڈ کلچر کا مرکز ہے، گورنرپنجاب صوبہ میں بہترین کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں ایجوکیشن،آرٹ اینڈ کلچر میں تعاون جاری رکھے گا،

اس موقع پرچانسلر فیصل جنجوعہ نے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور گورنرپنجاب کو انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کلچر کا دورہ کرنے دعوت دی،پرو وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز قریشی نے ادارے کے ساتھ تعاون کرنے پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی کی کاوشوں کو سراہا،تقریب میں نمیرا سلیم کو بہترین کارکردگی پر اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا،پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ منظور ڈین سکول آف آرٹس نے گورنر پنجاب کو طالبعلم محمد اویس کی بنائی ہوئی کیلی گرافک شال اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی کو پورٹریٹ پیش کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413809

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں