تعلیمی ادارے بچوں کو ایسی تعلیم دیں جو ہماری معاشرتی اقدار اور قومی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو،صدر آزاد جموں و کشمیر

134

اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے ملک میں تعلیم کو عام کرنے میں نجی شعبے کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے بچوں کو ایسی تعلیم دیں جو ہماری معاشرتی اقدار اور قومی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو، نجی تعلیمی اداروں نے پاکستان اور آزادکشمیر میں تعلیم کے فروغ میں مجموعی طور پر قابل فخر کردار ادا کیا مگر بد قسمتی سے ایسے تعلیمی ادارے بھی ہیں جو تعلیم کے فروغ کو قومی فریضہ کے بجائے کمائی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ صدارتی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام تعلیمی کانفرنس 2018ءمیں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں جن اقوام نے ترقی اور خوشحالی کی معراج حاصل کی انہوں نے تعلیم کو اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھا۔ تقریب سے پنجاب گروپ آف کالجز کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا جبکہ آزادکشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر اور سابق سیکرٹری تعلیم راجہ عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ماضی قریب میں حکومتی اور نجی شعبے نے شرح تعلیم کو بڑہانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔