اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) تعلیمی سال 2020-21ءکے لیے احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ آن لائن پورٹل نئی درخواستیں وصول کرنے کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ملک کی 119 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں چار سے پانچ سالہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام طالبعلم آن لائن پورٹل https://ehsaas.hec.gov.pk کے ذریعے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ احساس اسکالرشپ پورٹل 30اکتوبر 2020 تک کھلا رہے گا۔ اسکالرشپ درخواست میں متعلقہ یونیورسٹیوں کا نام درج کرنا ضروری ہے جہاں داخلہ مطلوب ہے۔ تعلیمی سال 2019-20ءمیں مجموعی طور پر4.827 ارب روپے کی احساس انڈر گرایجویٹ اسکالرشپس 50,762 طلبا کو دیئے گئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے4نومبر 2019ءکو ’احساس اسکالرشپ پروگرام‘ کا باضابطہ افتتاح کیاتھا۔ اس پروگرام کے تحت ہر سال کم آمدن والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے50,000 انڈر گریجویٹ طلبا کو وظائف دیئے جائیں گے۔اس چار سالہ پروگرام سے 200,000 طلبا مستفید ہوںگے۔ اس اسکالرشپ میں 100 فیصد ٹیوشن فیس اور 4,000روپے ماہانہ گزر بسر کاوظیفہ بھی شامل ہے۔وہ تمام طالب علم جن کی فیملی انکم 45,000 روپے سے کم ہے احساس اسکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ 24ارب روپے لاگت کے احساس اسکالرشپ پروگرام کے دائرہ کار میں تمام ملک یعنی چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیاں شامل ہیں۔50 فیصد اسکالرشپس لڑکیوں کے لیے اور 2فیصد معذور طلباء کے لیے مختص ہیں۔اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کی تعلیمی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور اطمینان بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو وظائف کی ادائیگی مکمل ڈگری پروگرام کی تکمیل تک جاری رہے گی۔حکومت کی اسکالرشپ پالیسی میں اس نئی جہت پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ یہ پروگرام تین نئی پالیسی شفٹس کا عکاس ہے؛پہلی یہ کہ ضرورت پر مبنی ملک کا یہ سب سے بڑا اسکالرشپ پروگرام ہے جو کہ کم آمدن والے گھرانوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔دوسرا،یہ سب سے بڑا قومی اسکالرشپ پروگرام ہے۔تیسرے یہ اسکالرشپ کم آمدن والے خاندانوں کے لیے ذرائع معاش پیدا کرتا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن اس پروگرام کا عمل درآمدی ادارہ ہے۔ سال 2019-20ءکے لیے مجموعی طور پر 132,192درخواستیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے آن لائن پورٹل پر موصول ہوئیں تھیں۔طے کردہ ضوابط کے تحت جانچ پڑتال کے بعد 50,762 طلبا کو اسکالرشپس جاری کیے گئے ۔اس پروگرام کی نگرانی احساس اسکالر شپ اسٹیئرنگ کمیٹی کررہی ہے، جس کی صدارت معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اورچیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری کر رہے ہیں۔پروگرام میں شفافیت، میرٹ اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے نگرانی اور جانچ پڑتال کا ایک مشترکہ فریم ورک تشکیل دیا گیاہے۔