امتحانی مراکز میں بجلی کے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے، وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت

86

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے منگل کو تعلیم کے وزراءکی بین الصوبائی کانفرنس (آئی پی ای ایم سی) کی صدارت کی۔ یہ اجلاس 16 مئی 2022 کو وزیر اعظم کی زیر صدارت گرمی کی لہر کے خلاف احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی تعمیل کے سلسلہ میں بلایا گیا ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء تعلیم، متعلقہ سیکرٹریز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی، سیکرٹری آئی بی سی سی، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای، چیئرمین این سی سی، چیئرپرسن پیرا، چیئرمین ایف بی آئی ایس ای نے شرکت کی۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر بین الصوبائی ایجوکیشن منسٹرز کانفرنس بلائی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سکول جانے والے بچوں کو گرمی کی لہر سے متعلق خطرات کو کم کرنے کے لئے قلیل مدتی اور طویل المدتی اقدامات پر عملدرآمد کرنا ناگزیر ہے۔رانا تنویر نے کہا کہ طلباء بالخصوص نوجوان طلباء کے تحفظ اور گرمی سے بچائوکے لئے فعال اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے طلباء کے تحفظ کے لئے احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے فورم کو بتایا کہ چھوٹے بچوں کو گرمی کی لہر کے بڑھتے اثرات سے بچانے کے لئے وفاق کے تمام نجی اور سرکاری اسکولوں/کلاسز کو کے جی سے 5ویں جماعت تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق میں بھی جاری امتحانات کے اوقات صبح 8 بجے سے 11 بجے تک کر دیئے گئے ہیں تاکہ طلباءکو گرمی کی لہر سے بچایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایف بی آئی ایس ای کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام امتحانی مراکز میں بجلی کے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے متبادل انتظامات کا ہر صورت انتظام کیا جائے۔ وزیر نے کہا کہ تمام امتحانی مراکز پر پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ رانا تنویر نے کہا کہ وفاقی وزارت کی جانب سے گرمی کی لہر کے حوالے سے سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعے آگاہی مہم پہلے ہی شروع کی جا چکی ہے جس میں اساتذہ، طلباء اور والدین بنیادی سامعین ہیں۔

وفاقی وزیر کو گرمی کی لہر سے نمٹنے کے لیے صوبوں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ تمام صوبوں نے وزیر کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کی تمام ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔رانا تنویر نے کہا کہ وزارت کی جانب سے گرمی کی لہر کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے بل مقررہ وقت پر ادا کریں اور تمام برقی تنصیبات کی مرمت کو یقینی بنائیں۔ نقل و حمل کی کاریں سائے میں کھڑی کی جائیں اور تمام اسکولوں میں فرسٹ ایڈ باکس وغیرہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ طویل المدتی اقدام کے طور پر طلبائ میں پاکستان کے حوالے سے موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے ایک الگ نصاب تیار کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ طلباءمیں شعور و آگاہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے جو ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔رانا تنویر نے سکول سے باہر بچوں کے مسئلے کو حل پر بھی زور دیا اور تمام صوبوں سے کہا کہ کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اسٹریٹجک منصوبے بنائیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام وفاقی اکائیوں سے تجاویز بھی طلب کیں۔