24.9 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومقومی خبریںتمام سرکاری ادارے، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز پائیدار...

تمام سرکاری ادارے، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز پائیدار ترقی کے حصول کے لئے فیصلہ کن اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کا پائیدار ترقیاتی اہداف پراعلیٰ سطحی پالیسی فورم سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک نے 2030 کے عالمی ایجنڈے کے ساتھ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کا فوری تعین کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سرکاری ادارے، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز پائیدار ترقی کے حصول کے لئے فیصلہ کن اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پائیدار ترقی کے اہداف پر ایک اعلیٰ سطح کے پالیسی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فورم میں پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور متنوع شعبوں کے ماہرین عالمی استحکام کے اہداف کے ساتھ قومی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے پر غور کرنے کے لئے شریک ہوئے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو پائیدار ترقی کے 17 اہداف میں سے متعدد خاص طور پر صاف پانی اور صفائی، موسمیاتی کارروائی اور ادارہ جاتی اصلاحات کو حاصل کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کو صوبائی ترقیاتی منصوبوں میں موثر طریقے سے مرکزی دھارے میں شامل اور اس حوالے سے ایک جامع قومی حکمت عملی وضع ہونی چاہیے۔

انہوں نے اعداد و شمار کے حوالے سے وفاقی، صوبائی اور بین الاقوامی ذرائع کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت کو اجاگر کیا تاکہ پالیسی سازی میں آسانی ہو۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے پانی کے بحران کا ”خاموش قومی ایمرجنسی“ کے طور پر حوالہ دیا اور خبردار کیا کہ ہم پانی کی کمی کے دہانے پر ہیں ، یہ مسئلہ سنجیدگی کا متقاضی ہے۔

انہوں نے شہری علاقوں میں بگڑتے ہوئے ماحولیاتی حالات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے تمام سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے فیصلہ کن اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے شواہد پر مبنی منصوبہ بندی، موسمیاتی موافقت، بہتر طرز حکمرانی اور موسمیاتی مالیات تک زیادہ رسائی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ترقی صرف صاف ہوا، پینے کے صاف پانی، باوقار زندگی اور ایک محفوظ مستقبل کے بارے میں ہے۔

موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کی وزارت نے صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹی، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت کو تیز کیا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593570

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں