لاہور۔20نومبر (اے پی پی ):صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کورونا کی شدت میں اضافے کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے جلسے کرنے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو خود بھی قومی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ سب سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے خود اپنی پارٹی کے جلسے منسوخ کیے ہیں۔راجہ بشارت جمعہ کے روز شادمان میں سندس فائونڈیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جلسوں پرپابندی کسی ایک گروہ نہیں بلکہ سب کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے بلکہ قومی مفاد میں دیکھنا چاہیے۔ اپوزیشن کے لیے یہی کافی ہے کہ این سی او سی کے اقدامات کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اپنے فیصلے کا حصہ بنایا ہے۔راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن کو تو خود اس خیال سے بازآجانا چاہیے تھا اور اس کا انتظار نہیں کرنا چاہیے تھا کہ حکومت کب پابندی لگائے گی۔تاہم یہ حقیقت ہے کہ حکومت جب کوئی فیصلہ کرتی ہے تواس پر عملدرآمد بھی کرواتی ہے،تمام شہری اپنی اور دوسروں کی زندگی کے لیے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔راجہ بشارت نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر گہرا افسوس کرتے ہوئے اُن کے خاندان سے بھی اظہار ہمدردی کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم اعلی پائے کے عالم دین تھے، ُان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور آج ہی سیکیورٹی پلان مکمل کرلیا جائے گا۔