تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے، چوہدری سالک حسین

168
تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے، اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں، نہ صرف ہندوؤں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے کام کریں گے۔

وزارت مذہپی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کٹاس راج مندر میں بنائے گئے نئے رہائشی بلاکس کا افتتاح کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، اقلیتوں کے حقوق کیلئے ریاست مدینہ سے بڑھ کر کوئی مثال نہیں دی جاسکتی، پاکستان واحد ملک ہے جس کے پرچم میں بھی اقلیتوں کی نمائندگی ہے، اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں، نہ صرف ہندوؤں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے کام کریں گے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جاتا ہے، بین الاقوامی فورم پر بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے، پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم دنیا کو اقلیتی برادری کے حوالے سے اچھا پیغام دیں گے۔

ایک سوال کے جواب نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان میں حج اخراجات بنگلہ دیش، بھارت اور دیگر ممالک سے کم وصول کئے جا رہے ہیں، ریال کی قیمت کی اضافہ کے باوجود ہم نے حج پیکیج کو مہنگا نہیں ہونے دیا، کٹاس راج چکوال میں دو بڑے کارخانوں کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، فیکٹری مالکان کو پابند بنائیں گے کہ سڑکوں کی مرمت کریں، کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے مل سکیں۔

وزارت خارجہ سے بھی کہیں گے کہ یاتریوں کو پاکستان کے ویزہ جاری کرنے میں رکاوٹ نہ ڈالیں،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان آپ کے تمام حقوق اور آپ کی عبادت گاہوں کی مکمل حفاظت اور پاسداری کا عزم رکھتی ہے اور آپ کی اور آپ کے مذاہب کی ترقی کی مکمل ضامن ہے،

پاکستان میں رہنے والے ہر شہری خواہ اس کا تعلق کسی بھی رنگ، نسل، زبان اور مذہب سے ہو حکومت پاکستان اس کے جان و مال عقائد اور حقوق کی مکمل ذمہ دار ہے، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کٹاس راج مندر کے نئے رہائشی کمپلیکس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت مذہبی امور ذوالفقار حیدر اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے ہمراہ تھے۔