ایبٹ آباد۔ 10 جون (اے پی پی):وفاقی بجٹ 2025-26ءپاکستان کی معیشت کو مزید استحکام دینے میں مددگار ثابت ہو گا، تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشنرز میں اضافہ سے سرکاری ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی، دفاعی بجٹ میں اضافہ خوش آئندہ ہے، جب طرح ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو قلیل وقت میں دھول چٹائی ہے اس سے دنیا بھر میں پاکستان اور مسلح افواج کا امیج بہتر ہوا ہے، وفاقی حکومت کی گذشتہ سال کی معاشی اصلاحات کی بدولت ملک میں معاشی استحکام آیا ہے جس سے مہنگائی کی شرح میں بھی نمایاں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے،
دو سال قبل مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ ان خیالات کا اظہار ایبٹ آباد کے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد زبیر خان، محمد تنویر راجہ، محمد سعید، نوید راجہ، چوہدری محمد صدیق، نانبائی رہنما محمد عظیم اور دیگر عوام نے یہاں ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ 2025-26ء غریب عوام کی مشکلات کو سامنے رکھ کر بجٹ تیار کیا گیا ہے، موجودہ حالات میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز میں اضافہ سے ان کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین گزشتہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے، انقلابی اقدامات کی وجہ سے ملکی معیشت کو استحکام ملا، موجودہ حکومت میں جب مسلم لیگ (ن) کی اتحادی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، قومی خزانہ خالی تھا،
ملک میں غربت کی شرح میں دن بدن اضافہ ہو رہا تھا، دوست ممالک سے ہمارے تعلقات انتہائی خراب ہو چکے تھے تاہم موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی کی بدولت دوست ممالک نے دوبارہ سے ہمارے اوپر اعتماد کرنا شروع کر دیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک بحرانی کیفیت سے نکل کر اب مکمل طور پر ترقی کے راستہ پر چل نکلا ہے۔