اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے تحفظ کیلئے قابل تجدید توانائی وسائل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، توانائی کی بچت کے پلان پر مؤثر عملدرآمد سے قیمتی وسائل کی بچت اور توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ مخلوط حکومت قابل تجدید وسائل کے ذریعے انرجی مکس کو متنوع بنا رہی ہے جو توانائی کے تحفظ کیلئے اہم ہے، مقامی وسائل پر انحصار بڑھایا جائے گا، اس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے توانائی کے تحفظ کے منصوبے پر سنجیدگی سے غور کیا ہے، صوبوں کو اعتماد میں لینے کے بعد پلان کی منظوری دی جائے گی، غیر معمولی وقت میں غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہے، اس کے مؤثر نفاذ سے قیمتی وسائل کی بچت ہوگی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔