اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس عمران خان کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے،چھپ کر دھمکیاں دینا کوئی اہمیت نہیں رکھتا، بالآخر عمران خان نے گرفتار ہونا ہی ہے، وقت بتائے گا کہ کون کس کےساتھ کیاکرے گا، عمران خان جیل جانے سے ڈرتا ہے تو تھوڑی سی ہمت محمد نوازشریف سے لے سکتا ہے۔ وہ منگل کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ چند ماہ سے دہشت گردی کی لہر الارمنگ ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کامقابلہ کر رہی ہیں۔ پاک فوج ، پولیس ، ایف سی قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 ہفتے قبل ہم افغانستان گئے ،ہمارا دورہ اچھا رہا۔ افغانستان کے وفد کی بھی پاکستان آمد متوقع ہے۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
اس حوالے سے معاہدہ بھی موجود ہے۔ افغان حکومت نے ہمارے موقف پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ہم نےدہشت گردوں پر قابو پایا، اس دفعہ بھی ہم دہشت گردوں پر قابو پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے چند روز سے ڈرامہ شروع کیا ہوا ہے۔ 75 سال میں کئی ملزم عدالتوں میں پیش ہوئے ۔ سیاسی رہنما قربانیاں دیتے آئے ہیں۔ ہماری تاریخ میں سب سے بڑی قربانی ذوالفقار علی بھٹو کا سولی پر چڑھ جانا ہے۔سب نے اس بات کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور ان کی بیٹی نے سینکڑوں پیشیاں بھگتی ہیں، قید کاٹی ، نااہل ہوئے لیکن عدالتوں میں پیش ہوئے۔
عمران خان مزاحمت کررہا ہے۔ ہم لوگ تحمل سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کے وکیل پیش ہوئے، ان کے پاس وکالت نامہ نہیں تھا۔ وزیردفاع نے کہاکہ ایک وقت تھا جب عمران خان جب جنرل باجوہ کے گن گاتے تھے اور اب ان کے کورٹ مارشل کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان عزت و آبرو کے ساتھ جیلوں میں جاتے ہیں لیکن اس شخص نے یہ عزت بھی خاک میں ملا دی۔ انہوں نے کہاکہ اس شخص کو اپنی عزت نفس کا خیال نہیں ۔جعلی پلستر لگا کر جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے۔
اگر ہمارے سارے جوڑ بھی ٹوٹ جائیں تو اتنے عرصہ میں ٹھیک ہوجاتے ہیں لیکن عمران خان کی ٹانگ ہے جو ٹھیک ہی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کے اتنے کیسز ہیں کہ ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اب عمران خان کو توشہ خانہ سمیت تمام کیسز سے خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام سپورٹرز کو پتہ چل گیا ہے کہ ان کا قائد جیل سے ڈرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میں ہمت نہیں ہے تو تھوڑی سی محمد نوازشریف سے لے لے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ جیل میں بد سلوکی کی گئی پھربھی عمرا ن خان بیان دیتا رہا ہے کہ میں پاکستان جا کر ان کی جیلوں سے اے سی اتار دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت بتائے گا کہ کون کس کےساتھ کیاکر رہا ہے۔عمران خان گرفتار ہونا ہی ہے چاہے جو مرضی کر لے۔
انہوں نے اپیل کی کہ عمران خان کے ساتھ بھی باقی سیاست دانوں جیسا سلوک کریں۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم ایک اچھا ادارہ ہے ، فارن فنڈنگ کیس میں شوکت خانم کی فنڈنگ کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ اگر عمرا ن خان بے گناہ ہیں تو عدالتوں کاسامنا کریں۔