تپ دق (ٹی بی) کے بارے میں آگاہی صرف عامہ صحت کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ہمارے معاشرے کے کمزور طبقات تک ہماری اجتماعی ذمہ داری کا عکاس ہے، وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر افتخار شلوانی کی آگاہی واک میں شرکت

76
World Tuberculosis (TB) Day (March 24)
World Tuberculosis (TB) Day (March 24)

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ تپ دق (ٹی بی) کے بارے میں آگاہی صرف عامہ صحت کا معاملہ نہیں بلکہ یہ ہمارے معاشرے کے کمزور طبقات تک ہماری اجتماعی ذمہ داری کا عکاس ہے، آگاہی پیدا کرکے اور وسائل کو بروئے کار لا کر ہم ٹی بی کا خاتمہ کر سکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر وزارت صحت اور دوپاسی فائونڈیشن کے اشتراک سے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزارت قومی صحت کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارت صحت کے کامن منیجمنٹ یونٹ برائے ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریااور ڈوپاسی فائونڈیشن اور اسلام آباد رن ود آس نے مشترکہ طور پر ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر ” سپرنٹ ٹو اینڈ ٹی بی” کے عنوان سے واک کا انعقاد کیا گیا ۔اس واک کا مقصد عالمی سطح پر تپ دق کے خاتمے کی جدوجہد اور 2023 میں ٹی بی پر اقوام متحدہ کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران کئے گئے وعدوں اور 2030 تک کے لیے لگائے گئے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول یقینی بنانا ہے۔ سپرٹ ٹو اینڈ ٹی بی واک کا آغاز اسلام آباد کے مشہور چاند تارا چوک سے ہوا، جو شکر پڑیاں روڈ سے ہوتا ہوا گن اور کنٹری کلب پہنچا

یہ واک تپ دق سے پاک مستقبل کی طرف ہمارے مشترکہ سفر کی علامت ہے، جو اس مہلک بیماری سے نمٹنے میں کمیونٹی کی شمولیت اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر افتخار شلوانی، قومی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر راضیہ فاطمہ، ڈوپاسی کی چیف ایگزیکٹو مس کنزالایمان، سینئر ایڈوائزر اسٹاپ ٹی بی پارٹنر شپ سید کرام شاہ، پی ڈی پی ٹی پی کے پی ڈاکٹر موسی خان اور وزارت صحت کی ڈائریکٹر ڈاکٹر مریم سرور سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ان سٹیک ہولڈرز کی موجودگی نے اس تقریب کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ٹی بی کے خاتمے کے لیے متحدہ عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر تمام شرکا کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سیکرٹری افتخار شلوانی نے کہا کہ "ٹی بی کے بارے میں آگاہی صرف عامہ صحت کا معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے معاشرے کے کمزور طبقات کے تک ہماری اجتماعی ذمہ داری کا عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ آگاہی پیدا کرکے اور وسائل کو بروئے کار لا کر ہم ٹی بی کا خاتمہ کر سکتے ہیں اور سب کے لیے ایک صحت مند اور زیادہ محفوظ مستقبل بنا سکتے ہیں۔واک کے بعد شرکا اور معزز شخصیات اختتامی تقریب اور افطار کے لیے گن اور کنٹری کلب میں جمع ہوئے۔ تقریب کے شرکا نے ٹی بی کے خاتمے کی کوششوں پر مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کمیونٹی کی تعمیر اور عوامی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون کو فروغ دیا جائے۔