‎ تھائی لینڈ کے130 رکنی وفد نے تخت بائی میں بدھ مت کے تاریخی مذہبی مقامات کا دورہ کیا

299

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):تھائی لینڈ کے130 رکنی وفد نے تخت بائی میں بدھ مت کے تاریخی اور مذہبی مقامات کا دورہ کیا۔تخت بائی میں بدھ مت کا مذہبی مقام دنیا کی سب سے بڑ ی قدیم خانقاہوں میں سے ایک ہے۔ تخت بائی اور سوات دونوں بدھ مت کے مقامات کی وجہ سے مشہور ہیں۔

ایک دوسرے سے قریب ہونے کی وجہ سے زائرین کثیرتعداد میں دونوں مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔وفد نے تخت بائی میں بدھ مت کے مختلف مذہبی مقامات پر مذہبی رسومات ادا کیں۔وفد کے اراکین نے بدھ مت کے مذہبی اور تاریخی مقامات کی حفاظت اور انتہائی اچھی دیکھ بھال پر حکومت پاکستان اورتخت بائی اور سوات کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے لئے ایک اہم ملک ہے۔ یہاں ہر سال مختلف مذاہب کے لوگ آزادی سے مذہبی رسومات ادا کرنے کیلئے باہر سے آتے ہیں۔

یہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری کو اہمیت دی جاتی ہے۔تخت بائی گندھارا تہذیب کا حصہ تھا، جو کہ برصغیر کی تاریخ میں ابتدائی شہری بستیوں میں سے ایک ہے۔ ورثہ کی جگہ پہلی بار 1836 میں کھدائی کی گئی تھی۔