تھانہ صادق آباد کے علاقہ میں موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی

81
Firing

راولپنڈی۔25جنوری (اے پی پی):تھانہ صادق آباد کے علاقہ میں موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ ترجمان پولیس کے مطابق صادق آباد پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران مشکوک موٹر سائیکلوں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے دوران2ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہو گئے۔

ملزمان کی شناخت ذیشان اور شیرون کے نام سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا۔ واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقعہ پر پہنچ گئے۔ ملزمان سٹریٹ کرائم کے متعدد مقدمات میں ملوث و مطلوب تھے۔

گرفتار ملزمان کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس اہلکاروں کو ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔