تھرپارکر ۔ 30 اپریل (اے پی پی):بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، معصوم کشمیریوں پر ظلم ڈھانے، کشمیر پر ناجائز قبضہ کرنے اور بھارت کی ہٹ دھرمی کے خلاف ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی سے کشمیر چوک مٹھی تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر کیپٹن (ر) محمد فرید حنیف کی قیادت میں واک/ ریلی نکالی گئی۔
ریلی کے اختتام پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جارحیت اور کشمیریوں پر جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا پاکستان کے خلاف ایک بڑی سازش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور پاکستانی عوام ملک کی سلامتی کے لیے بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ریلی میں ڈی ایچ او تھرپارکر ڈاکٹر لیکھ راج سارنگانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کینھراج سنگھ جاڑیجا، ارجن سوٹھڑ، تاجر ایسوسی ایشن کے رہنما اسلم چوہدری، مختلف اسکولوں کے طلبہ، سول سوسائٹی اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی میں شریک افراد مودی سرکار پر لعنت بھیج رہے تھے اور "پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگا رہے تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590251