تہران استنبول ریلوے فریٹ سروس خطہ میں گیم چینجر ثابت ہوگی جس سے تینوں ممالک کی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ،اعظم خان سواتی

139

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ تہران استنبول ریلوے فریٹ سروس خطہ میں گیم چینجر ثابت ہوگی جس سےتینوں ممالک کی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا ۔ پاکستان ریلوے مستقبل میں مسافر ٹرین چلانے کی بھی منصوبہ بندی کرے گا ۔ یہ بات انھوں نے اسلام آباد میں مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر اسلام آباد تہران استنبول فریٹ ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، مشیر برائے تجارت رزاق داؤد اور ترک سفیر احسن مصطفی نے بھی خطاب کیا ۔

وزیر، ریلوے نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج پاکستان ریلوے کی تاریخ کا بہت بڑا اور یادگار دن ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد تہران استنبول کے، درمیان مال بردار، ٹرین کے بعد مسافر ٹرین بھی چلائیں گے ۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک کے تجارت کے، راستے کھول دیئے ہیں ، امپورٹر، اور ایکسپورٹرز کے لیے یہ بہت بڑا موقع ہے ، اسلام آباد تہران استنبول ریلوے روٹ، پاکستان کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

اعظم خان سواتی نے کہا کہ اسلام آباد تہران استبول مال بردار ٹرین کا آغاز بڑا کارنامہ ہے ، فریٹ ٹرین کے ذریعہ بزنس ٹو بزنس ریلیشن شپ میں اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک اپ گریڈ کرنے سے طویل مسافت کا فاصلہ آدھا رہ جائے گا ، یہ درآمدکنندگان اور برآمد کنندگان کیلئے تجارت کا سنہری موقع ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک سفیر احسن مصطفی نے کہا کہ ریجنل کنیکٹیویٹی آج کے دور میں بہت اہم ہے اور یہ پاکستان میں وزارت ریلوے کا بڑا اہم اقدام ہے ، پاکستان جیو پولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف جا رہا ہے ۔ ترک سفیر نے کہا کہ پاک ترکش باہمی تجارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انھوں نے تجویر دی کہ اس روٹ کو یورپ تک بڑھایا جائے تو تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد نے آئی ٹی آئی فریٹ ٹرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کی ترقی کیلئے ریجنل کنیکٹیوٹی بہت اہم ہے ، ہم علاقائی تجارت میں اضافہ پر بھی کام کر رہے ہیں اور ٹرکوں کے ذریعے تینوں ممالک سے تجارت جاری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے ٹرانسپورٹیشن تجارت کیلئے بہت اہم ہے ایک وقت آئے گا کہ ہمارے پاس افغانستان کے راستے یورپ تک ریلوے ٹریک ہوگا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انٹرا ریجنل ٹریڈ سات فیصد بہت کم ہے ، سروس تجارت کیلئے سستا روٹ ہے ہم جیو پولیٹکس سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہوچکے، ابھی آغاز ہے ہم مسافر ٹرین بھی شروع کرینگے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم معاشی ڈپلومیسی کو بڑھانا چاہ رہے ہیں جس کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا۔