تیسری بین الاقوامی فزیکل ایجیلیٹی اینڈ کمبیٹ ایفیشنسی سسٹم مقابلوں کی اختتامی تقریب

57
پاک فوج کے سربراہ جنرل کا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ ، مقامی طور پر دفاعی آلات کی تیاری کی کوششوں اور اقدامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔7نومبر (اے پی پی):تیسری بین الاقوامی فزیکل ایجیلیٹی اینڈ کمبیٹ ایفیشنسی سسٹم ( پی اے سی ای ایس) مقابلوں کی اختتامی تقریب اتوار کو ایوب اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز مہمان خصوصی تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیمپئن شپ میں عراق، اردن، فلسطین، سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان سمیت 6 ممالک کے 101 بین الاقوامی فوجی کھلاڑیوں نےشرکت کی جبکہ مصر، انڈونیشیا، جاپان اور میانمار نے بھی بطور مبصر شرکت کی۔ مقابلے میں پاک فوج کی 9 ٹیموں نے حصہ لیا۔بین الاقوامی ٹیموں کی کیٹیگری میں سری لنکا نے گولڈ جبکہ متحدہ عرب امارات اور ازبکستان نے مشترکہ طور پر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

جبکہ کانسی کا تمغہ فلسطین، اردن اور عراق کے حصے میں آیا. ڈومیسٹک ٹیمز کیٹیگری میں دفاعی چیمپئنز، انجینئرز رجمنٹل سینٹر کی ٹیم نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ جبکہ سلور میڈل ملتان کور اور کانسی میڈل بلوچ رجمنٹل سینٹر کی ٹیم نے حاصل کیا۔انفرادی کیٹگری میں متحدہ عرب امارات کے وارنٹ آفیسر مبارک اور انجینئرز سینٹر کے سیپر احمد رضا نے 3.2 کلومیٹر کی دوڑ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

پل اپس ایونٹ میں، گولڈ میڈل سری لنکا سے کارپورل ڈسانائیکے اور انجینئرز سینٹر کے سیپر امجد نے 967 پل اپس کے ساتھ حاصل کرکے نیا پی اے سی ای ایس چیمپئن شپ ریکارڈ قائم کیا۔سیٹ اپس میں سری لنکا کے کارپورل ڈسانائیکے اور انجینئرز سنٹر سے سیپر شہزاد نے گولڈ میڈل حاصل کئے۔پش اپس میں سری لنکا کے کارپورل اوبیسیری اور انجینئرز سنٹر کے سیپر عرفان نے گولڈ میڈل حاصل کئے۔

کمبیٹ ایفیشنسی ٹیسٹ میں سری لنکا کے کارپورل راجہ کروونا اور ملتان کور کے نائیک اعجاز نے گولڈ میڈل حاصل کئے۔فٹسٹ کیٹیگری میں سری لنکا کے کارپورل ڈسانایاکا اور انجینئرز سینٹر کے سیپر امجد نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔مہمان خصوصی نے جیتنے والی ٹیموں اور انفرادی افراد کو انعامات سے نوازا اور جسمانی فٹنس، برداشت اور کھیل کود کے بہترین مظاہرہ پر مبارکباد دی۔

انہوں نے پاکستان آرمی کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی طرف سے دکھائے جانے والے جسمانی فٹنس کے اعلیٰ ترین معیار پر ان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔مہمان خصوصی نے خصوصی طور پر بین الاقوامی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی پرجوش اور بھرپور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں تیسری بین الاقوامی پی اے سی ای ایس چیمپیئن شپ کی کامیابی سے تکمیل پاکستان کے ایک پرامن قوم کے طور پر مثبت تشخص کی عکاسی کرتی ہے جو بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر محفوظ ہے۔مہمان خصوصی نے تقریب کو کامیاب بنانے پر منتظمین اور متعلقہ عملے کی ٹیم کو شاباش دی۔