کرائسٹ چرچ ۔9اکتوبر (اے پی پی):تین ملکی ٹی 20 سیریز میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی ، فاتح ٹیم نے 138 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، ڈیون کونوے نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔
اتوار کو ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے ، نجم الحسن شانتو 33، نور الحسن (ناٹ آؤٹ) 25، عفیف حسین 24 اور کپتان شکیب الحسن 16 رنز بنا کر نمایاں رہے ،
نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈگ بریسویل ، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤدی اور ایش سودی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف ڈیون کونوے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 17.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ڈیون کونوے نے 51 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی
، دیگر بیٹرز میں کپتان کین ولیمسن 30 اور گلین فلپس 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، ڈگ بریسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔