اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر جاز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر فرخ خان کی جاز کے چیف فنانشل افسر اور مائیکرو فنانس ہولڈنگز کے سی ای او کے طور پر تقرری کا اعلان کیا ہے۔ فرخ خان 15 ستمبر 2024 سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، فرخ خان موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے بورڈ میں بھی شامل ہوں گے۔ اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے سی ایف اوگبور کوچش سال کے آخر تک جاز کے ساتھ کام کریں گے تاکہ عہدہ کی منتقلی کو ہموار بنایا جا سکے اور جاری اقدامات میں رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے اسٹریٹجک منصوبوں پر توجہ مرکوز رہ سکے۔
فرخ خان بڑے مالیاتی اداروں میں قیادت کا 30 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں، جس میں ایکومین فنڈ کے سی ای او، بی ایم اے کیپٹل مینجمنٹ کے شریک بانی اور سی ای او، اور امریکن ایکسپریس میں سی ایف او کے کردار شامل ہیں۔انضمام اور عوامی پیشکشوں میں ان کی مہارت جازکی مالیاتی حکمت عملی کو بہتر بنانے میں مدد دے گی۔ جازکے سی ای او اور چیئرمین موبی لنک مائکرو فنانس بینک عامر ابراہیم نے کہا، ”ہم فرخ خان کو اپنی ٹیم میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ کیپٹل مارکیٹس میں ان کی مہارت اور قیادت جاز کی ایک سروس کمپنی میں تبدیلی کے لئے بہت مفیدثابت ہوگی۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب جازنے موبائل آپریٹر سے ایک متحرک سروس کمپنی میں منتقلی کے اپنے وژن کا اعلان کیا ہے۔ ڈیٹا اور کنکٹیویٹی میں اپنی بنیادی مہارتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جاز مالیاتی خدمات، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ سلوشنز، اور تفریح سمیت مختلف شعبوں میں جدت لانے کے لئے تیار ہے۔ 20 فیصد سے زائد کی متوقع مجموعی سالانہ ترقی کی شرح کے ساتھ جاز کا مقصد 2027 تک اپنے ڈجیٹل وینچرز — جس میں فنٹیک پلیٹ فارم جازکیش، کلاؤڈ سروس گرج، اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ سروس شامل ہیں — کے ساتھ اپنے ریونیو کو دوگنا کرنا ہے۔
فرخ خان نے اپنے نئے کردار کے بارے میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "مجھے جاز میں شامل ہونے پر بہت خوشی ہے کیونکہ یہ کمپنی ایک تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے، جاز کی ٹیم نے شاندار کام کیا ہے اور میں سروس کمپنی کے طورپر ترقی کے لئے جاز کے وژن کو آگے بڑھانے میں مدد کرنے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مالیاتی جدت طرازی کو آگے بڑھانے اور کمپنی کی نئے شعبوں میں توسیع میں معاونت کے بھی منتظر ہیں۔