
کراچی ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم اور قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا، آج بہت سارے ممالک منصوبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، صنعت کار منصوبے کو کامیاب کرنے میں ہماری رہنمائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سی پیک منصوبے کے حوالے سندھ بورڈ آف انویسمنٹ اور غیر سرکاری تنظیم ماس ہیومن ریسورسز سروسز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثٰت رکھتے ہیں اور میری خواہش ہے کہ صنعتکار برادری سی پیک منصوبے کو کامیاب کرنے میں ہماری رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کو صنعتکاروں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرنے چاہئیں تاکہ گوادر میں ان کے تحفظات دور کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔