جامعہ عثمانیہ پشاور میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کلاسوں کا اجرا

136

پشاور۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):معروف دینی درس گاہ جامعہ عثمانیہ پشاور میں بی ایس کمپیوٹر سائنس کلاسوں کا اجراء کر دیا گیا ۔ فوکل پرسن جامعہ عثمانیہ مفتی سراج الحسن کے مطابق دینی ادارہ میں بی ایس اسلامیات اور بی ایس انگلش کے بعد بی ایس کمپیوٹر سائنس کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے ۔ کلاسوں میں جدید کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ فراہم کئے گئے ہیں ۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر مقررین نے کہا کہ جامعہ عثمانیہ پشاور کی یہ کوششیں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔ جامعہ کے مہتمم مفتی غلام الرحمن نے خطاب میں کہا کہ علما کو حالات کی نزاکت اور جدید دور کے تقاضوں کا ادراک کرنا ہوگا۔اسلام عصری تعلیم کے میدان میں بھی پیش قدمی کا درس دیتا ہے تاہم نظام تعلیم میں اسلامی معاشرہ کی عکاسی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اور سماجی ترقی میں کمپیوٹر سائنس کی تعلیم کا اہم کردار ہے۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی بھی بہت ضروری ہے۔