جانی نقصان روکنے کے لئے افغانستان میں جنگ بندی ضروری ہے، زلمے خلیل زاد

80

واشنگٹن۔ 15 اپریل (اے پی پی) افغان ا±مور سے متعلق امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ جانی نقصان روکنے کے لئے افغانستان میں جنگ بندی ضروری ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کے دوران اپنے نمائندوں کو جنگ بندی پر بھی بات چیت کرنے کی اجازت دیں۔زلمے خلیل زاد کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب طالبان نے موسم بہار میں افغان فوج، نیٹو اور امریکی تنصیبات پر تازہ حملوں کا اعلان کیا ہے۔اپنےمتعدد ٹویٹس میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ مذاکرات کے دوران جنگ بندی پر اتفاق سے افغانستان میں ہونے والے جانی نقصان کو فوری روکا جا سکتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔امریکی نمائندہ نے کہا کہ مذاکرات کے دوران افغانستان میں جانی نقصان ختم کرنے پربات ہو رہی ہے لیکن طالبان نے نئے حملوں کا اعلان بھی کر دیا ہےتا ہم اس بات کا فیصلہ افغان عوام کو کرنا ہے کہ کیا طالبان کے حالیہ اعلانات مسئلے کا حل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان عوام جامع جنگ بندی اور ایسے مذاکرات کے خواہاں ہیں جن سے امن قائم ہو اور یہ ان کا حق ہے اور اس کے لیے امریکا ان کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب افغان عوام جنگ کی بجائے مسئلے کے حل کے متلاشی ہیں۔واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بات چیت کے نئے دور کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔