پشاور۔14جنوری (اے پی پی)وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہاہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے اور وہ لوگ ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گے جنہوں نے اس وطن کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ وہ پیر کے روز فرنٹیئر کور کے 26 ویں بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر جوانوں اور شرکا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگوں کا شمار ان خوش نصیبوں میں ہوتا ہے جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہےں۔ شہریار آفریدی نے کہاکہ پاکستانی قوم نے لازاوال قربانیاں دی ہےں اور آج ہمیں دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف دنیاکی سب سے بڑی جنگ پا کستا ن لڑ رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ میں ان ماوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں جنھوں نے وطن کی بقا کے لیے اپنے بیٹے قربان کیے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ ان شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں جنھوں نے ملک و قوم کے لیے جانوں کے نذرانے دیئے اور ہر دور میں جب بھی قوم پر آزمائش کی گھڑی آئی فورسز انہوں نے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دفاع وطن میں فرنٹیئرکورکا کردارمسلمہ ہے ‘ فورس نے ہمیشہ اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کریگی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری افواج دشمن کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر ہر میدان میں مردانگی سے مقابلہ کرتی ہیں اور اس عمل کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتیں۔