ججوں کے خلاف مہم کو برداشت نہیں کریں گے، وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سپریم کورٹ آمد پر صحافیوں سے گفتگو

130
constitutional

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وکلا نے جمہوریت کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں ،وکلا اور وکلا تنظیموں کا مشکور ہوں کہ انہوں نے قانون کی بالادستی کے لئے آواز بلند کی ،اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں لیکن ججوں کے خلاف مہم کو برداشت نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد یہاں سپریم کورٹ آمد پر صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی عدالت عظمی آمد پر سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون اور پاکستان بار ایسوسیشن کے وائس چیئرمین حفیظ الرحمان نے دیگر وکلا کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا ۔

وزیر قانون سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حلف لینے کے بعد ان کا پہلا دورہ سپریم کورٹ بار ایسوی ایشن کا ہے،پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی مشاورت کے ساتھ کام کا آغاز کروں گا، تمام وکلا تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وکلا نے جمہوریت کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے قابل قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔ وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو مہم چلائی جا رہی ہے وہ قابل مذمت ہے ،اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں لیکن ججوں کے خلاف مہم کو برداشت نہیں کریں گے،میں یہ معاملہ کابینہ میں بھی لے کر جائوں گا،میڈیا کی جانب سے کوئی تجاویز ہوں تو ہمارے لئے باعث خوشی ہوں گی ۔

اس موقع پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے کہا کہ پاکستان بار کونسل اور سپریم بار ایسوسی ایشن اعظم نذیر تارڑ کو وزیر قانون بننے پر مبارکباد پیش کرتی ہے ،توقع کرتے ہیں کہ بار اوربیچ کے مسائل حل ہوں گے،توقع ہے اعظم نذیر تارڑ قانون کی پاسداری کے لئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیر کو وکلا تنظیموں نے سوشل میڈیا پر اعلی عدلیہ اور ججز کے خلاف جاری مہم کیخلاف مشترکہ پریس ریلیز جاری کی ،ججز کے حوالے سے جو مہم چل رہی اس پر جوائنٹ سٹیٹمنٹ انتہائی اہم ہے ،ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کے خلاف کوئی ہرزہ سرائی برداشت نہیں کریں گے،عدلیہ کے خلاف جو مہم جاری ہے اس پر حکومت سے کارروائی کی توقع رکھتے ہیں ۔

بعد ازاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سے جاری پریس ریلیز میں صدر سپریم کورٹ بار محمد احسن بھون، سیکرٹری وسیم ممتاز ملک اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کی 24ویں ایگزیکٹو کمیٹی نے تمام قانونی برادری کی جانب سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو وزیر قانون بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمیں امید ہے سینٹر اعظم نذیر تارڑ وکلاء برادری کے نمائندے ہونے کے ناطے وکلا کے بنیادی مسائل کو حل کریں گے اور ان کی بہتری اور بہبود کے لئے کام کریں گے،

اعظم نذیر تارڑ قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان اور قانونی برادری نے وزیر قانون کیلئے نئے ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھانے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے