جدہ میں او آئی سی کے سکریٹری جنرل اور بھارتی سفیر کے مابین ملاقات، سکریٹری جنرل کا جموں و کشمیر تنازعہ سے متعلق او آئی سی کے اصولی موقف پر زور

54
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے جدہ میں او آئی سی کے سکریٹری جنرل اور بھارتی سفیر کے درمیان ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ سکریٹری جنرل او آئی سی اور بھارتی سفیر کے درمیان رواں ماہ 5 جولائی کو او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ جدہ میں ملاقات او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47 ویں اجلاس کی قرارداد 10/47۔پول کے مینڈیٹ کے تناظر میں ہوئی۔

ملاقات کے دوران سکریٹری جنرل نے جموں و کشمیر تنازعہ سے متعلق او آئی سی کے اصولی موقف پر زور دیا۔بدھ کو میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ نومبر 2020میں نیامے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل نے 5 اگست 2019 کے بعد سے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو واضح طور پر مسترد کردیا تھا۔ کونسل نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بھارت اپنی غیر قانونی اقدامات کو ختم اور یو این سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے جائز حق کا احترام کرے۔

او آئی سی کی قراردادوں میں سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے اور اگلے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل میں اس کے نتائج سے آگاہ کرے۔ سی ایف ایم کی قراردادوں میں سیکریٹری جنرل سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ یہ معاملہ بھارتی حکام کے ساتھ اٹھائے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مسلسل او آئی سی کی قراردادوں نظرانداز اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری سے انکار کر رہا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب 57 او آئی سی ممبران ریاستوں کے اصولی موقف کو بھارت تک پہنچایا گیا ہے۔بھارت کومقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہئے اور جموں و کشمیر تنازعہ پر سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں پر پوری طرح عمل درآمد کرنا چاہئے۔

ترجمان نے کہا کہ جموں وکشمیر تنازعہ عرصہ دراز سے او آئی سی کے ایجنڈے میں رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں او آئی سی کی اولین ترجیح رہی ہے۔ پاکستان مسلہ کشمیر اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے جائز حقوق کے لئے او آئی سی کی مسلسل حمایت کو سراہتا ہے۔