جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی پولینڈ میں یورپی یونین کے مستقبل پر بات چیت

101

وارسا ۔ 08 فروری (اے پی پی)پولینڈ کے دورے پر آئی جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے دارالحکومت وارسا میں قدامت پسند حکمران جماعت لاءاینڈ جسٹس پارٹی پی آئی ایس کے سربراہ یاروسلاو کاچِنسکی کے ساتھ ملاقات کی۔ جرمن حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں یورپی یونین کے مستقبل پر اور برطانوی ریفرنڈم میں یونین سے اخراج کے حق میں آنے والے نتائج پر بات چیت کی گئی۔ کاچِنسکی کے پاس آج کل کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے تاہم پسِ پردہ سیاسی باگ ڈور انہی کے ہاتھوں میں ہے۔ کاچِنسکی نے کئی بار پولینڈ کے بدستور یورپی یونین کا رکن رہنے کی وکالت کی تھی تاہم انہوں نے اس یورپی بلاک کے معاہدوں میں اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ مرکل نے وزیراعظم بیاٹا شیڈلو اور صدر آندرے ڈوڈا کے ساتھ بھی ملاقاتیں کی ہیں۔