اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت صحافیوں کے تحفظ کیلئے کمیشن کے قیام کی درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کرلی اورمرکزی درخواست اگلے ہفتے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
گذشتہ روزپارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبر شاکرعباسی کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے وکیل بیرسٹر جہانگیر خان جدون عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ صحافیوں کو جامع تحفظ فراہم کرتا ہے
،جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ صحافیوں کو بناء کسی کی مداخلت فرائض کی انجام دہی کو یقینی بناتا ہے،یہ قانون صحافیوں کی دھمکیوں، تشدد اور جبر سے حفاظت کو یقینی بناتا ہے،جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ صحافیوں کے تحفظ کیلئے آزادانہ کمیشن کے قیام کی بات کرتا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت فریقین کو جرنلسٹ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کمیشن کے قیام کے احکامات جاری کرے،عدالت فریقین کو مقررہ وقت میں کمیشن کے قیام کیلئے پابند کرے
،درخواست میں سیکرٹری کابینہ، وزارت اطلاعات اور وزارت انسانی حقوق کو فریقین بنایا گیا ہے۔ عدالت نے جلد سماعت کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس اگلے ہفتے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584260