31.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومزرعی خبریںجلال پور پیر والا میں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے تحقیقاتی...

جلال پور پیر والا میں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے تحقیقاتی فارم میں ایڈی فلیکس ٹاور کا افتتاح

- Advertisement -

ملتان۔ 09 فروری (اے پی پی):جلال پور پیر والا میں محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے تحقیقاتی فارم میں فصلوں کی ٹرانسپریشن کی جانچ کے لیے ایڈی فلیکس ٹاور کا افتتاح کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے جامعہ کے فیکلٹی ارکان اور انتظامی اسٹاف کے ہمراہ جلال پور پیروالہ تحقیقاتی فارم کا دورہ کیا۔

اس موقع پر یونیورسٹی فارمز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار نے جلال پور پیروالہ فارم کے ترقیاتی سفر کا جامع جائزہ پیش کیا اور ہر اس فرد کے تعاون کو سراہا جو براہ راست یا بالواسطہ اس عظیم کامیابی میں شامل رہا۔ انہوں نے بتایا کہ 500 ایکڑ پر محیط اس تحقیقاتی فارم کی تعمیر و ترقی متعدد چیلنجز کے باوجود ممکن ہوئی،تاہم یونیورسٹی انتظامیہ، متعلقہ دفاتر، مقامی اور صوبائی حکومتوں کی رہنمائی اور فارم مینجمنٹ ٹیم کی لازوال محنت نے چند سالوں میں ہی اس بنجر زمین کی تقدیر بدل دی،اب فارم کی تقریباً تمام زمین زیر کاشت ہے اور پیداوار کے لیے موزوں تر ہوتی جا رہی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے آبپاشی کے لیے پانی اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے فیکلٹی اور محققین کو اس فارم پر تحقیقی تجربات کرنے کی ترغیب دی اور اپنی ٹیم کی حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جلال پور پیروالہ فارم کے لیے 10 سالہ اسٹریٹجک پلان ترتیب دیا گیا ہے جس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔

فارم منیجر عابد رضا نے فیکلٹی کو فارم کے مختلف بلاکس اور پودوں کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گوند کیکر،لسبیک، نیم، سوہانجنا، مورنگا، انار، امرود، بیر اور انجیر جیسے مختلف درختوں کے ایک لاکھ پودے سڑکوں کے کنارے، نہروں کے ساتھ اور نمکیات کی زیادہ مقدار والی پٹیوں پر لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اشتراک سے 25 ایکڑ زمین پر امرود، جامن اور بیر کے چودہ ہزار پودے لگائے گئے ہیں،اس کے علاوہ زیتون کے کامیاب موافقتی تجربات بھی کیے گئے ہیں اور ڈرپ آبپاشی نظام کے تحت 10 ایکڑ پر پودے لگانے کا عمل بھی جاری ہے،فارم میں مچھلی پالنے کے منصوبے بھی زیر عمل ہیں جبکہ مویشیوں کے شیڈ، اجناس کے لیے گودام، کسانوں کیلئے تربیت ہال اورمشینری شیڈ کی تعمیر کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے،

سردیوں اور گرمیوں میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے دو الیکٹرک واٹر ٹربائنز نصب کی گئی ہیں جو چھ کلومیٹر دور سے آبپاشی کے لیے موزوں پانی فراہم کرتی ہیں جس سے فصلوں کو سیراب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے فارم پر فصلوں کی پیداوار کے چیلنجز اور مستقبل کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

یونیورسٹی تحقیقاتی فارم میں فصلوں کی ٹرانسپریشن کی جانچ کے لیے ایڈی فلیکس ٹاور کی تنصیب کا کام مکمل ہونے پر وائس چانسلر جامعہ نے اس کا افتتاح کیا۔انجینئر ڈاکٹر سیف اللہ نے فیکلٹی اور سٹاف کو ایڈی فلکس ٹاور سے حاصل شدہ ڈیٹا کی افادیت بارے بریفنگ دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557988

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں