پشاور۔ 19 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں جمعہ سے تیز آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری موسمی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔اس دوران چترال اپر و لوئر، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، کولائی پالس، تور غر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک کوہاٹ، ھنگو، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ تیز آندھی بارش،ژالہ باری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارشوں باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلہ میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کےلئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔