جموں و کشمیر پاکستان کی سفارتی، تذویراتی، سیکورٹی اور اقتصادی پالیسیوں کا سنگ میل ہے، چوہدری فواد حسین

105

برلن ۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پاکستان کی سفارتی، تذویراتی، سیکورٹی اور اقتصادی پالیسیوں کا سنگ میل ہے جس میں جموں و کشمیر کے عوام کا مفاد اور فلاح سب سے مقدم ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو برلن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزادی کا ایجنڈا اس وقت تک پایہ تکمیل کو نہیں پہنچے گا جب تک تنازعہ کشمیر، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہو جاتا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل سے نہ صرف علاقائی ممالک کے درمیان روابط بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ تجارت کو بھی فروغ ملے گا اور خطے میں بھی خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہندوتوا نظریہ نے انسانیت کو ایک طرف ہندوستان اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں سیاسی مفادات کو دوسری طرف رکھ دیا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک اپنی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔