جمہوریہ جرمنی پاکستان کو بلین ٹری فارسٹیشن سپورٹ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے 20 ملین یورو فراہم کرے گا، ڈاکٹر کاظم نیاز

97

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):جمہوریہ جرمنی پاکستان کو بلین ٹری فارسٹیشن سپورٹ پروجیکٹ (بی ٹی اے ایس پی) کے دوسرے مرحلے کے لیے 20 ملین یورو فراہم کرے گا۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی منظوری کے بعد معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اتوار کو یہاں سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور جرمن ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو کی ڈائریکٹر ایستھر گراوین کوٹر نے متعلقہ حکومتوں کی جانب سے اس معاہدے پر دستخط کیے۔یہ منصوبہ کاپ – 26 میں شروع کیے گئے جرمن پاکستان کلائمیٹ اینڈ انرجی انیشی ایٹو کا ایک اہم حصہ ہے۔جرمن حکومت پاک جرمن کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنرشپ (پی جی سی ای پی) کے ذریعے پاکستان کی موسمیاتی خطرات کو کم کرنے کی کوششوں میں سرگرم تعاون کر رہی ہے۔

اس معاہدے پر دستخط کے ساتھ، جرمن وزارت اقتصادی تعاون اور ترقی (بی ایم زیڈ) کی کے ایف ڈبلیو کے ذریعے اس پروگرام کے لیے فنڈنگ ​​33.5 ملین یورو تک پہنچ گئی ہے۔ بی ٹی اے ایس پی کا پہلا مرحلہ (13.5 ملین یورو) پہلے سے ہی کے پی موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات کے محکمے ( سی سی ایف ای ڈبلیو ڈی) کے ساتھ شراکت میں زیر عمل ہے۔ بی ٹی اے ایس پی کے پی میں جنگلات کے تحفظ اور پائیدار انتظام میں معاونت کرے گا۔ یہ پروجیکٹ 10,000 ہیکٹر کے نئے شجرکاری پر توجہ مرکوز کرے گا، محکمہ جنگلات کی استعداد کار میں اضافہ کرے گا جس میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم تیار کرنا بھی شامل ہے۔

بی ٹی اے ایس پی جنگلات کے تحفظ میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے طور پر کمیونٹیز کو بھی شامل اور متحرک کرے گا۔ یہ منصوبہ غربت کے خاتمے کے لیے فطرت پر مبنی ذریعہ معاش پیدا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔مزید برآں یہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی شمولیت یقینی بنائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ توقع ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کی کوششوں، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف میں اہم کردار ادا کیا جائے گا۔