جنیوا ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ وہ جمہوریہ کانگو میں خطرناک مرض ایبولا وائرس سے بچائو کی دوسری ویکسین اکتوبر کے وسط میں متعارف کرائے گا۔ یہ اعلان پیر کو بین الاقوامی امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آئوٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کے عالمی ادارہ صحت پر ایبولا وائرس سے بچائو کی پہلی ویکسین کے راشننگ کے الزام کے بعد کیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ صحت کے حکام جمہوریہ کانگو میں ادویہ ساز فارما سیٹیکلز کمپنی جانسن اینڈ جانسنز کی بنائی گئی ایبولا وائرس سے بچائو کی دوسری تجرباتی ویکسین آئندہ ماہ کے وسط میں متعارف کرائیں گے۔ واضح رہے کہ جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس سے اب تک 2100 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ ایم ایس ایف عالمی ادارہ صحت پر ایبولا ویکسین کی راشننگ کا بھی الزام لگا رہی ہے۔