
راولپنڈی ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل نکولس پیٹرک کارٹر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کو برطانوی آرمی چیف آف جنرل سٹاف جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے تو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔ جنرل نکولس پیٹرک کارٹر نے جی ایچ کیو میں شہداءکی یادگار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مہمان شخصیت نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کو سراہا جس کی وجہ سے خطہ میں سلامتی اور استحکام آیا۔