فیصل آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی):گلابی سنڈی کے کپاس کی آئندہ فصل پر منتقل ہونے کے خدشات سے بچاؤ کیلئے جننگ فیکٹریوں کے کچرے اور کھیتوں و سڑکوں کے کنارے پڑی کپاس کی چھڑیوں و ان کھلے ٹینڈوں کو فوری تلف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ گلابی سنڈی کپاس کی آئندہ فصل پر حملہ آور ہو کر اسے شدید نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا جننگ فیکٹریوں کے مالکان اور کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ کچرے، کپاس کی چھڑیوں، ان کھلے ٹینڈوں کی تلفی میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی بڑے نقصان کا سامنا نہ کرناپڑے۔
ڈپٹی ڈائریکٹرپلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آبادڈاکٹر عامر رسول نے بتایاکہ گلابی سنڈی کپاس کے پھولوں، ڈوڈیوں اور ٹینڈوں کا نقصان کر کے نہ صرف پیداوار میں کمی کا سبب بنتی ہے بلکہ اس کی وجہ سے کپاس کی روئی داغدار ہو جاتی ہے اور اس کا معیار بھی گرجاتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ یہ سنڈی سردیوں کا موسم دو بیجوں کو جوڑ کر ان کے اندر یا آخری چنائی کے بعد بچ جانے والے ان کھلے ٹینڈوں یا جننگ فیکٹریوں کے کچرا کے اندر گزارتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ کپاس کی بے موسمی اگیتی کاشت کی وجہ سے کپاس کی گلابی سنڈی زیادہ اہمیت اختیار کر گئی ہے جو با آسانی فروری مارچ کی کاشتہ فصل پر منتقل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار آخری چنائی کے بعد کپاس کے کھیتوں میں بھیڑ بکریاں چرائیں کیونکہ جیسے ہی وہ بچے کھچے ٹینڈے کھائیں گی تو ان میں موجود گلابی سنڈی کی تلفی میں مدد ملے گی۔اسی طرح آخری چنائی کے بعد بچ جانے والے ٹینڈوں کو توڑ کر تلف کر دیاجائے اور بعد میں چھڑیوں کی کٹائی اس طرح کی جائے کہ ان کو زمین کے اندر چھ انچ گہرائی سے کاٹا جائے تاکہ ان سے موسم بہار کی آمد پر نئی پھوٹ نہ نکل سکے۔انہوں نے مزید کہاکہ چھڑیوں کی کٹائی اور تلفی کا عمل جلد مکمل کر لیاجائے اور خالی کھیتوں میں گہرا ہل چلا کر سنڈیوں کے پیوپے تلف کر دیئے جائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415311