جوہانسبرگ۔2 مارچ (اے پی پی) جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) اتوار کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد اب ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں ان فارم مہمان سری لنکن ٹیم کا چیلنج درپیش ہو گا۔ پروٹیز کھلاڑی ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد ون ڈے سیریز جیت کر بدلہ چکانے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے ہیں تاہم دوسری جانب سری لنکن ٹیم بھی ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز جیتنے کیلئے پر عزم ہے اسلئے ماہرین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز میں دلچسپ اور سخت مقابلوں کی توقع ظاہر کی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ 6 مارچ، تیسرا میچ 10 مارچ، چوتھا میچ 13 مارچ جبکہ پانچواں اور آخری میچ 16 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔