بلاوایو۔8جولائی (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے ویان مولڈر کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت زمبابوے کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 236 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا۔ ویان مولڈر کو 367 رنز کی ناقابل شکست اور تاریخی اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ یہ ٹیسٹ میچ صرف تین روز میں اپنے انجام کو پہنچا جس میں زمبابوے کی ٹیم فالو آن کے بعد بھی جنوبی افریقہ کے دباؤ کا سامنا نہ کر سکی۔
بلاوایو میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 220 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نک ویلچ نے 55 جبکہ کپتان کریگ ارون نے 49 رنز کی مزاحمت کی کوشش کی مگر دیگر بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور وقفے وقفے سے آئوٹ ہوتے رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش نے شاندار باؤلنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سینوران متھوسیمی نے 3 اور یوسف کوڈی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر 626 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔