جوہانسبرگ۔5ستمبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 ء کے لئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا، ٹمبا باووما ٹیم کی قیادت کریں گے، کیشو مہاراج نے انجری سے صحت یابی کے بعد ورلڈ کپ سکواڈ میں واپسی کی ہے۔ آئندہ ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ میں واپسی کرنے والے کیشو مہاراج رواں سال مارچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے،
ان کی انجری کی سنجیدہ نوعیت کے باعث امکان تھا کہ وہ پورا سال کرکٹ سے دور رہیں گے تاہم انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی میں شرکت کرکے نہ صرف اپنی فٹنس ثابت کردی بلکہ ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ پکی کرلی ہے، ان کے ساتھ سپن بائولرز میں تبریز شمسی اور ایڈن مارکرم شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کے سٹار وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ میں کپتان ٹمبا باوووما، ہینرچ کلاسین، اینرچ نورکیا، کوئنٹن ڈی کوک، ڈیوڈ ملر، سیساندا مگالا، ریزا ہینڈرکس، مارکو جانسن، گیرالڈ کوٹزی، راسی وان ڈر داسن، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، ایڈن مارکرم، لنگی نگیدی اور تبریز شمسی شامل ہیں۔