جنوبی افریقہ کے 5 کرکٹرز پاکستان کے خلاف سیریز ادھوری چھوڑ کر آئی پی ایل کیلئے بھارت روانہ

53

جوہانسبرگ۔5اپریل (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے 5 اہم کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز ادھوری چھوڑ کر آئی پی ایل میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے اہم کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف جاری ہوم سیریز میں ملک کی نمائندگی کی بجائے آئی پی ایل میں کھیلنے کو ترجیح دی۔

جارحانہ بلے باز ڈیوڈ ملر، کوئنٹن ڈی کاک، فاسٹ بائولرز کگیسو ربادا، اینرچ نارٹجے، اور لونگی نگیدی آئی پی ایل میں شرکت کیلئے پاکستان کے خلاف سیریز ادھوری چھوڑ کر بھارت روانہ ہوگئے ہیں۔

ان کھلاڑیوں کی غیر موجودگی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کا سنہری موقع مل گیا۔ واضح رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ ملک کی نمائندگی کی بجائے نجی لیگ کو ترجیح دینے پر جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ فاسٹ بائولر ڈیل سٹین نے بھی کرکٹ جنوبی افریقہ کی پالیسیوں پر سوال اٹھا دیئے۔

واضح رہے پاکستان کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کے آئی پی ایل میں شرکت کے باعث پاکستان کے خلاف سیریز ادھوری چھوڑنے سے انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک بائوچر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ اچھا فیصلہ تو نہیں لیکن ہمارے کھلاڑیوں کو بھارتی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہوگا جو آئندہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے بہت مددگار ثابت ہوگا۔