اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):افغانستان کے بارے میں خصوصی نمائندہ ایمبیسیڈر محمد صادق نے افغانستان میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں خطے کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے بعد یہ پائیدار امن کو محفوظ بنانے کا ایک منفرد موقع ہے، ہمیں یقین ہے کہ ہمارے افغان بھائی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے، افغانستان کے دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے ہمیں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔
ماسکو فارمیٹ کے رکن ممالک کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی صورت حال پر علاقائی نقطہ نظر کی اولین ترجیح کا حامی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ماسکو فارمیٹ علاقائی ممالک کو افغانستان پر بامعنی مذاکرات اور مشغولیت کے عمل میں اکٹھا کر کےاس مقصد کو آگے بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال ماسکو میں ایک ایسے وقت میں ملاقات کی تھی جب افغانستان سے بین الاقوامی افواج کے فوری انخلا نے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی تھی جیسا کہ بین الاقوامی برادری نے افغانستان سے نکلنے کے طریقوں پر غور شروع کیا تو ہم، افغانستان کے دوست اور پڑوسی، افغانستان کے لوگوں کے لیے کھڑے ہوئے۔
ہم نے شمولیت، بنیادی انسانی حقوق کے احترام بشمول خواتین کے حقوق، دہشت گردی کے مقابلہ اور انسانی اور اقتصادی مدد کی فراہمی سمیت افغان عوام کی مسلسل حمایت کی بنیاد پر عبوری افغان حکومت کے ساتھ عملی مشغولیت کو چلانے کے لیے وسیع اصول وضع کیے۔
محمد صادق نے کہا کہ گزشتہ سولہ مہینوں کی پیش رفت کی رپورٹ ملی جلی ہے، بین الاقوامی برادری نے عبوری افغان حکومت پر مسلسل زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سیاسی شمولیت کو فروغ دے، بدقسمتی سے اس اہم معاملہ اور خواتین کے حقوق سمیت دیگر امور میں بھی کوئی واضح پیشرفت نہیں ہو سکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کا ابھی تک مکمل خاتمہ ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ افغانستان کو سنگین انسانی بحران، معاشی بدحالی کو روکنے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے درکار اہم حمایت بھی کمزور پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں افغانوں کو فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے جس میں خوراک، ادویات اور زندگی کی ضروری اشیاء شامل ہیں۔
موسم سرما کی آمد نے پہلے سے ہی سنگین صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں، عبوری افغان حکومت کے ساتھ مستقل مصروفیت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں بین الاقوامی برادری کو افغان حکام کے ساتھ ‘ترجیحات کی درجہ بندی’ پر تعاون کرنے پر غور کرنا چاہیے، خاص طور پر جہاں عبوری افغان حکومت نے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
افغان عوام کی اہم انسانی ضروریات کو کسی بھی سیاسی تحفظات سے دور کیا جانا چاہیے۔ جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2615 (2021) میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ انسانی امداد پابندیوں کے دائرے میں نہیں آتی۔ اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کے لوگوں کی مسلسل اور پائیدار انسانی امداد کو یقینی بناتے ہوئے اس بات چیت کو آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے افغانستان کے اندر اقتصادی سرگرمی پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کے لیے حقیقت پسندانہ راستے تلاش کرنا اہم ہوگا۔ افغانستان کی بحالی اور تعمیر نو کا روڈ میپ بھی اتنا ہی اہم ہے۔
پاکستان چاہتا ہے کہ خطے کو افغانستان میں امن اور استحکام کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار ادا کرنا جاری رکھنا چاہیے۔ اب جب کہ جنگ ختم ہو چکی ہے یہ پائیدار امن کو محفوظ بنانے کا ایک منفرد موقع ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے افغان بھائی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے دوست اور شراکت دار کی حیثیت سے ہمیں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔