27.7 C
Islamabad
جمعرات, مئی 15, 2025
ہومعلاقائی خبریںجنگیں جذبہ ایمانی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں ، جدید ٹیکنالوجی...

جنگیں جذبہ ایمانی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے ، پروفیسر الفرید ظفر

- Advertisement -

لاہور۔14مئی (اے پی پی):پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے عددی برتری رکھنے والے دشمن کو شکست فاش دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ جنگیں جذبہ ایمانی سے لڑی اور جیتی جاتی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے اعلی پیشہ وارانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے جس میں پاکستان کے شاہینوں نے دنیا بھر میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پی جی ایم آئی /اے ایم سی کے زیر اہتمام ریلی کے شرکا و صحافیوں سے گفتگو میں کیاجس میں ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، ڈاکٹر شائستہ مبین، ڈاکٹر عائشہ قمر، ڈاکٹر شازیہ اکبر خان، پرنسپل نرسنگ کالج روبینہ انعام، پروفیسر کنول سعید، پروفیسر منزہ ظہیر،ڈاکٹر عبدالعزیز، ڈاکٹر لیلی شفیق، اے ایم سی کے سٹوڈنٹس، نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات نے شرکت کی

جنہوں نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ، انہوں نے عسکری اداروں کے حق میں نعروں پر مبنی پلے کارڈ ز بھی اٹھا رکھے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سپوتوں نے دشمن پر جس دلیرانہ انداز میں اپنی دھاک بٹھائی ہے اسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔پروفیسر الفرید ظفر نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ساری قوم کا فخر قرار دیا جس سے 24کروڑ عوام کے سر فخر سے بلند ہو گئے ہیں۔پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہمارے غیور عوام اور مسلح افواج وطن عزیز کے تحفظ اور دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور پاکستان کی بہادر افواج وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو نوچ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورآ پریشن "بنیان مرصوص” میں دشمن کے ناپاک عزائم کو جس حکمت

- Advertisement -

دلیری اور مہارت سے ناکام بنایا گیا وہ پاک فوج کی عظیم مہارت کا آئینہ دار ہے۔پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس دشمن کے جنگی طیاروں اور ایئر ڈیفنس سسٹم کو زمین بوس کر کے ترقی یافتہ ممالک کے جنگی ماہرین کو بھی حیرت زدہ کر دیا۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ فتح صرف ایک فوجی آپریشن کی کامیابی نہیں بلکہ قوم کے اعتماد،اتحاد اور حوصلے کی فتح ہے جسے تاریخ میں سنہری حرو ف سے لکھا جائے گا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا قرآن پاک میں اللہ تعالی کا فرمان ہے کہ” اگر سچے مومن ہو گے تو تم ہی فتح یاب رہو گے اور تمہاری قلیل جماعت بڑے لشکر پر غالب آئے گی”۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کی ترقی ، استحکام اور دفاع کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ پاکستان ایک مضبوط معیشت رکھنے والا ترقیافتہ ملک بن کر اقوام عالم میں نام پیدا کر سکے۔ریلی میں شہناز ڈار، رمضان بی بی، شازیہ یعقوب، آسیہ معراج،روبینہ ابراہیم اور نرسنگ کالج کی کثیر تعداد میں طالبات نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596966

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں