جواہرات کی برآمد سے قبل ان کی صداقت کو جانچنے کے لیے لیبارٹری کے قیام کی ضرورت ہے،بلال عزت نقوی

164
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم کے ضلعی صدر سید بلال عزت نقوی نے جواہرات کی مارکیٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حکومت کو جواہرات کی مارکیٹ کی معاونت کرنے اور جواہرات کو بین الاقوامی منڈی میں برآمد کرنے سے پہلے ان کے اصل ہونے کو یقینی بنانے کے لیے لیبارٹری قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں بلال عزت نقوی نے ملک کی معیشت، خاص طور پر برآمدی شعبے کے لیے جواہرات کی مارکیٹ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مدد اور وسائل فراہم کرے تاکہ یہ مارکیٹ پھل پھول سکے اور قومی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکے۔بلال عزت نقوی نے تجویز پیش کی کہ وفاقی حکومت قیمتی پتھروں کی برآمد سے قبل ان کی صداقت کو جانچنے کے لیے لیبارٹری کے قیام کے لیے اقدامات کرے، لیبارٹری کے قیام سے نہ صرف برآمدات کی قدر بڑھانے میں مدد ملے گی، بلکہ یہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ پاکستان کی جواہرات کی مارکیٹ کی ساکھ برقرار رہے۔

بلال عزت نقوی نے کہا کہ حکومت کو جواہرات کی تجارت سے منسلک افراد کو بھی مراعات فراہم کرنی چاہئیں اور تجارت کو آسان بنانے کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی میں تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جواہرات کی مارکیٹ ملکی معیشت میں ایک اہم شراکت دار ہے، جس کی برآمدات لاکھوں ڈالر سالانہ ہیں۔ مارکیٹ کی معاونت سے نہ صرف معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان کے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔