جوتوں کی برآمدات میں چار ماہ کے دوران 5.82فیصد کمی ہوئی ، ادارہ برائے شماریات

110
Pakistan Bureau of Statistics

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):جاری مالی سال کے دوران جوتوں کی برآمدات میں 5.82فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ جولائی تا اکتوبر 2020 کے دوران برآمدات کاحجم 42.599 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019 کے دوران جوتوں کی برآمدات سے 45.231 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں جوتوں کی برآمدات میں 2.632 ملین ڈالر یعنی 5.82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق مقدار کے لحاظ سے جوتوں کی برآمد میں 0.06 فیصد کی معمولی کمی سے برآمدات 5002 ہزار جوڑوں کے مقابلہ میں 4999 ہزار جوڑوں تک کم ہو گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں چمڑے کے جوتوں کی برآمدات 4.60 فیصد کی کمی سے 38.540 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 36.769 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔ اسی طرح کینوس کے جوتوں کی برآمدات بھی 7.96 فیصد کمی سے 0.082 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 0.074 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔ مزید برآں دیگر متفرق جوتوں کی برآمدات بھی 12.91 فیصد کمی سے 6.609 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 5.756 ملین ڈالر تک کم ہوئی ہیں۔ پی بی ایس کے مطابق اکتوبر 2019 کے مقابلہ میں اکتوبر 2020 کے دوران جوتوں کی مجموعی قومی برآمدات میں 13.02 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 8.098 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 9.152 ملین ڈالر تک بڑھ گیا تاہم ستمبر 2020 کے مقابلہ میں اکتوبر 2020 کے دوران جوتوں کی مجموعی برآمدات میں 22.41 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔