اقوام متحدہ ۔25جون (اے پی پی):فرانس نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں فرانس اور اس کے یورپی شراکت دار ایران پر پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کو تیار ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر جیروم بونافونٹ نے 2015 کے معاہدے کی معیاد اکتوبر میں ختم ہونے کے حوالے سے کہا کہ وقت ختم ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے امید کرتے ہیں کہ وہ مضبوط، قابل تصدیق اور پائیدار سفارتی حل کے لئے بلاتاخیر مذاکرات کی میز پر واپس آئے گا۔فرانسیسی سفیر نے کہا کہ مذاکرات واحد طریقہ ہیں جن کے ذریعے ایران کے عسکری جوہری پروگرام کے ناممکن ہونے کی گارنٹی دی جا سکتی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ فرانس اور اس کے ای تھری پارٹنرز (جرمنی اور برطانیہ) قرارداد 2231 کے تحت دیے گئے جواز کو استعمال کرنے کو تیار ہیں، کہ رواں موسم گرما تک قابل اعتماد معاہدہ طے نہیں پاتا تو پابندیاں دوبارہ عائد کی جا سکتی ہیں۔