اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) جڑواں شہر وں راولپنڈی اسلام آباد میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، رنگ برنگی جھنڈیوں سے بازار سج گئے ہیں، شہریوں نے جشن آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کا اظہار کیا ہے۔ 14 اگست کے قریب آتے ہی گلی محلے بازاروں میں رش بڑھ جاتا ہے۔ کسی کو رنگ برنگی جھنڈیاں خریدنا ہیں تو کسی کو قومی پرچم میں رنگی شرٹس۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی مادر وطن سے محبت کا اظہار کا دن ہے۔ جشن آزادی منانے کیلئے بڑوں کے ساتھ بچے بھی آگے آگے ہیں۔ 14 اگست کے حوالہ سے بچوں کا جوش وخروش قابل دید ہے۔ 14 اگست کے قریب آتے ہی شہریوں کے اندراپنے وطن سے محبت کے جذبات بھی عروج پر ہیں۔