پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے گورنمنٹ ٹیکنکل اینڈ ووکیشنل سنٹرجہانگیرہ میں پانچ کے وی سولرسسٹم کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پرمعاون خصوصی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انڈسٹریز یونیسا اورماسٹر فورڈ کی جانب سے مذکورہ تکنیکی ادارے میں شمسی توانائی نظام کی تنصیب کا منصوبہ قابل ستائش ہے جنہوں نے فراخدلی کا مظاہرہ کرکے اپنا تعاون فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ادارے میں مزید سولرائزیشن کیلئے حکومتی اداروں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ یہاں پرہمارے بچے اوربچیاں ایک سہولت یافتہ ماحول میں ہنر سیکھ کرجائیں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی اور اپنی معاشی استحکام کیلئے کام کرسکیں۔صوبائی بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ عوامی ہوگا اورصنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اس میں کافی ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں ٹیکنیکل اورووکیشنل کالج کے پرنسپل انجینئرخضرحیات،صنعتی ادارے ماسٹر فوڈ کے جنرل منیجر اورکالج ہذاکے آئی ایم سی کمیٹی کے چئیرمین حسبن اللہ
آئی ایم سی کے ممبر کچکول خٹک اور جی ٹی وی سی کے ممبران سمیت کالج سٹاف نے شرکت کی ۔