23.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 9, 2025
ہومعلاقائی خبریںجی سی وومن یونیورسٹی کا ایجوکیشن ایکسپو و جاب فیئرمنعقدکرنے کا اعلان

جی سی وومن یونیورسٹی کا ایجوکیشن ایکسپو و جاب فیئرمنعقدکرنے کا اعلان

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی):جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد نے طالبات کی اختراعی تخلیقات اور ایجادات متعارف کرانے کیلئے رواں ماہ ایجوکیشن ایکسپووجاب فیئرمنعقدکرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصدصنعتوں کو طالبات کی مہارتوں و تخلیقات سے متعارف کراناہے تاکہ ملک کے اہم صنعتی، تجارتی اور کاروباری ادارے ہونہار طالبات کو جابز آفر کر سکیں۔

یہ بات جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران صدرڈاکٹر خرم طارق اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی جامعہ خواتین کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے جس میں 13ہزار سے زائد طالبات مختلف ڈسپلنزمیں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیمسٹری، آئی ٹی اور فارما سوٹیکل کی بہترین فیکلٹی ہے جو مختلف موضوعات پر ریسرچ بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی طالبات نے کئی نئی ایجادات کی ہیں جن میں کینسر کے علاج کی دوائی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ایجادات کمرشلائز ہو چکی ہیں جبکہ مزید کمرشلائز یشن کیلئے تیار ہیں لہٰذا فیصل آباد کے صنعتی شعبہ کو بھی اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ طالبات کی چند ایجادات کو چیمبر میں بھی شوکیس کیا جا سکتا ہے جبکہ وہ ان کی مکمل فہرست سافٹ فارم میں مہیا کر دیں گی تاکہ ان کو چیمبر کے ممبران میں سرکولیٹ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دلچسپی رکھنے والے صنعتکار اپنے مخصوص شعبہ سے متعلق اشیاخرید کے ان کی کمرشلائزیشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں انڈسٹری اور اکیڈیمیا کا الگ الگ سروائیول ممکن نہیں کیونکہ دونوں کو ہی ایک دوسرے کی ضرورت ہے اور یہ باہمی اشتراک سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی صنعتی ادارہ ان کو اپنے مسائل بتائے تو یونیورسٹی ان کے حل پر بھی کام کر سکتی ہے۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ انٹر لوپ اور وومن یونیورسٹی کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جبکہ انٹر لوپ کے مصدق ذوالقرنین طالبات کو موٹر سائیکلز بھی دے رہے ہیں جبکہ سو طالبات کو وظائف بھی دیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ادارے بھی اس قسم کے وظائف دے سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے طور پر ان طالبات کو فیس میں رعایت نہیں دے سکتی۔ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں کو مالی طور پر مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ نہ صرف کم مالی وسائل رکھنے والے طلبہ وطالبات کو سکالر شپ دیئے جا سکیں بلکہ اِن کی تحقیق سے صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ کیلئے صنعتکار عطیات دے سکتے ہیں جن کی آمدن سے ضرورتمند طلبہ کو سکالر شپ دیئے جا سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ آج دنیا کو تخلیق کاروں کی ضرورت ہے اور اِن اداروں میں جاب فیئر سے انہیں اپنی ضرورت کی افرادی قوت بھی مل جاتی ہے۔ صدر چیمبر نے سلیبس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہماری ہونہار طالبات میں خود اعتمادی کی کمی ہے اِس لئے انہیں زندگی کے ہنر سکھلانے پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کوکریٹیکل رائٹنگ کی بھی تربیت دی جائے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پڑھے لکھے طلبہ کی 80فیصد تعداد بے روزگار ہے جن کو ایسے ہنر سکھلانے کی ضرورت ہے جن سے وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

سینئر نائب صدرفیصل آباد چیمبر ڈاکٹر سجاد ارشد نے فیصل آباد کی پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں کے مابین انٹر یونیورسٹی مقابلوں کی بھی تجویز پیش کی اور کہا کہ اس طرح طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پولٹری اور ڈیری کے شعبہ میں تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈیری کے شعبہ میں انٹر لوپ پنیر بنانے کے بڑے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی کے علاوہ محمد اظہر چوہدری اور دیگر بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415278

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں