اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ اس سال جی ٹونٹی کانفرنس کابھارت میں انعقادمقبوضہ کشمیر پر اپنا مزید تسلط جمانے کی سازش کا حصہ ہے، مودی نےپر امن تحریک کو کچلنے کیلئے تشدد کا ہر راستہ اپنایا،بھارت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کم نہ کر سکا،بلاول بھٹو زرداری 21,22,23 مئی کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، پیپلز پارٹی 23 کو باغ میں احتجاجی جلسہ کریگی،پیپلز پارٹی کی ترجیحات مسئلہ کشمیر ہے، بلاول بھٹو کو مسئلہ کشمیر ورثے میں ملا ہے، بی بی شہید نے بھی اپنی زندگی کشمیر کاز کیلئے وقف کر رکھی تھی، کشمیر کی جب بات کریں تو یہاں بھی ایک سیاسی جماعت کو تکلیف ہوتی ہے۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنماؤں چوہدری یاسین،سردار یعقوب خان،چوہدری لطیف اکبر،جاوید ایوب،سیف اللہ،میاں وحید،جاوید بڈھانوی،قاسم مجید،باذل نقوی،نبیلہ ایوب،عامر یاسین اورسردار ضیا قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس سال جی ٹونٹی کانفرنس کا انعقاد بھارت میں ہو رہا ہےیہ ہندوستان نے دانستہ کوشش کی ہے کہ یہ کانفرنس مقبوضہ کشمیر میں ہو،بھارت کی کوشش یہ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنا مزید تسلط جما سکے، مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی کوئی داستان نہیں چھوڑی،پر امن تحریک کو کچلنے کیلئے تشدد کا ہر راستہ اپنایا،بھارت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کم نہ کر سکا،
اقوام عالم نے کشمیریوں سے انکے حق خودارادیت دلوانے کا وعدہ کیا ہوا ہے جو ان کو ملکر رہیگا۔ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں ہر فورم پر آواز اٹھاتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نےاس کانفرنس میں شریک ہونیوالے ممالک کو خطوط لکھے ہیں ،ہمارے فارن مشنز بھی اس پر کام کررہے ہیں،جی ٹونٹی کانفرنس بارے اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے، دنیا کو بتائیں گے کہ بھارت کے عزائم کیا ہیں؟ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں جی ٹونٹی کے بھارت میں انعقاد پر بھرپور تین روزہ احتجاجی مہم شروع کرے گی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جی 20 کانفرنس کے خلاف تین دن احتجاج کریں، بلاول بھٹو زرداری 21,22,23 مئی کو آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے،پیپلز پارٹی کے رہنما 21 مئی کو مظفر آباد جائینگے،مہاجرین سے ملاقاتیں کرینگے، پیپلز پارٹی 23 مئی کو باغ میں احتجاجی جلسہ کریگی،
پیپلز پارٹی کی ترجیحات مسئلہ کشمیر ہے، پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر ہے، بلاول بھٹو کو مسئلہ کشمیر ورثے میں ملا ہے، آزاد کشمیر کی ساری سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے کہ وہ جلسے میں شریک ہوں، بلاول بھٹو زرداری دنیا میں جہاں بھی جاتے ہیں کشمیر کی بات کرتے ہیں،ان کی تر جیحات کشمیر ہیں ،ان کی والدہ بی بی شہید نے بھی اپنی زندگی کشمیر کاز کیلئے وقف رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر کی بات ہوتی ہے تو انڈیا کو تکلیف ہوتی ہے، کشمیر کی جب بات کریں تو یہاں بھی ایک سیاسی جماعت کو تکلیف ہوتی ہے۔کشمیریوں نے اپنا مقدمہ اپنے خون سے زندہ رکھا ہے۔چوہدری یاسین نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور اس دوران جی ٹوئنٹی کانفرنس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا،ہم نے انہیں کشمیر دورے کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363668