حاجیوں کی وطن واپسی کیلئے "ہوم چیک ان ” کی سہولت کی فراہمی کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی

83

جدہ۔13جولائی (اے پی پی):حاجیوں کی وطن واپسی کیلئے "ہوم چیک ان ” کی سہولت کی فراہمی کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت ہر حاجی کی پرواز سے 30 گھنٹے قبل سامان ان کی رہائش سے وصول کیا جائے گا ۔ بدھ کو جدہ میں ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں جدہ منیجمنٹ کمپنی ، تمام ایئر لائنز اور پاکستان حج مشن کے متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ہوم چیک ان کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے تمام امور پر غور کیا گیا اور ایئر لائنز ، پاکستان حج مشن اور جے ایم سی کے متعلقہ عملے کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ حاجیوں کا سامان ان کی وطن روانگی سے 30 گھنٹے قبل ان کی رہائش گاہ سےوصول کر لیا جائے گا اور انہیں سامان ، آب زم زم کا کوپن اور بورڈنگ پاس دیا جائے گا ۔ اس سہولت کی وجہ سے وہ براہ راست کسی دشواری کے بغیر جہاز میں جا کر بیٹھ جائیں گے ۔

انہوں نے حاجیوں سے درخواست کی کہ اس سلسلے میں متعلقہ عملے سےتعاون کریں ۔ انہوں نے عازمین حج سے یہ بھی درخواست کی کہ اللہ نے انہیں حج کی سعادت بخشی ہے مکہ اور مدینہ میں عبادات کریں،پاکستان حج مشن نے ان کیلئے مکہ اور مدینہ میں سعودی قوانین کے مطابق جو حج انتظامات کئے ہیں اس کے مطابق حجاز مقدس میں اپنا وقت گذاریں اور مقررہ وقت سے پہلے مدینہ منورہ جانے یا وطن واپسی اور مدینہ روانگی کےحوالے سے شیڈول پر کاربند رہیں کیونکہ ہم نے مکہ اور مدینہ میں حاجیوں کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے سعودی حکومت سے ان کی رہائش ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے معاہدے کر رکھے ہیں جن کی ہم خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے عازمین سے کہا کہ اپنے سامان میں ہر گز آب زم زم یا کوئی بھی ممنوعہ سامان نہ رکھیں ورنہ انہیں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، ہر حاجی کے ساتھ ان کے پرواز میں پانچ لیٹر آب زم زم جائے گا جس کا کوپن انہیں سامان وصول کرتے وقت فراہم کر دیا جائے گا ۔