حافظ آباد میں یوم عاشور کو 14جبکہ تحصیل پنڈی بھٹیاں میں 12جلوس نکالے جائینگے، انتظامات مکمل

173
Deputy Commissioner Sundus Irshad
Deputy Commissioner Sundus Irshad

حافظ آباد۔ 16 جولائی (اے پی پی):یوم عاشور کے موقع پر تحصیل حافظ آباد میں 14جبکہ تحصیل پنڈی بھٹیاں میں 12جلوس نکالے جائینگے۔ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو ہر لحا ظ سے مکمل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹیوں، پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے افسران اور اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔

ریسکیو 1122اور محکمہ صحت کی جانب سے جلوسوں کے اہم مقامات پر میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائینگے۔ جبکہ محکمہ سول ڈیفنس کا بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر اہلکار بھی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر مامور ہونگے۔حافظ آباد شہر سے تعزیہ کے تین مرکزی جلوس نکالے جائیں گے۔ پہلا جلوس امام بارگاہ وارڈ نمبر ایک سے، دوسرا امام بارگاہ محلہ حسین پورہ سے جبکہ تیسرا جلوس امام بارگاہ کربلا سے بر آمد ہو گا۔ تینوں جلوس اپنے مقرر کردہ راستوں سے ہوتے ہوئے فوارہ چوک پہنچیں گیے جہاں شام غریباں منعقد ہوگی۔

اس کے بعد تینوں جلوس اپنے کردہ راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہوں میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد کاکہنا ہے کہ ضلع بھر میں عائد دفعہ 144کے تحت اسلحہ کی نمائش، امن و امان کے قیام میں خلل ڈالنے، مذہبی منافرت پھلانے، جلوسوں کی گز رگاہوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے ہونے پر پابندی ہو گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مقامی علمائے کرام و زاکرین، امن کمیٹی کے اراکین اور سول سوسائٹی کے دیگر سرکردہ افراد سے اپیل کی کہ عاشور محرم کے موقع پر امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ اورپولیس سے تعاون کریں تا کہ کوئی بھی شر پسند عناصر حافظ آباد کی پر امن فضا ء کو خراب کرنے کی کوشش نہ کر سکے۔