حافظ سعید کے معاملہ پر پاکستان کو بھارت سے کسی سرٹیفکیٹ یا توثیق کی ضرورت نہیں، ترجمان وزارت داخلہ

116

حافظ سعید کے معاملہ پر پاکستان کو بھارت سے کسی سرٹیفکیٹ یا توثیق کی ضرورت نہیں،حکومت پاکستان نے جماعت الدعوة کے بارے میں دسمبر 2008ءمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1267 کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، ترجمان وزارت داخلہ

اسلام آباد ۔ یکم فروری (اے پی پی) وزارت داخلہ کے ترجمان نے حافظ محمد سعید کی نظربندی کے حوالہ سے بھارت کی وزارت خارجہ امور کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اقدامات پر پاکستان کو بھارت سے کسی سرٹیفکیٹ یا توثیق کی ضرورت نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے جماعت الدعوة کے بارے میں دسمبر 2008ءمیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1267 کی روشنی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، متعلقہ قرارداد کے تحت ہتھیاروں و سفر پر پابندی اور اثاثے منجمد کرنے جیسے مختلف اقدامات اٹھائے جانے تھے تاہم سابقہ حکومتوں کی جانب سے بعض وجوہات کی بنا پر ایسا نہ کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت حافظ سعید کی سرگرمیوں کو مسلسل پاکستان کو بدنام کرنے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے اور اس بات سے آگاہ ہونا چاہئے کہ پاکستان ایک جمہوری معاشرہ ہے جہاں عدلیہ آزاد ہے جو آزادانہ اور شفاف فیصلے کرتی ہے۔