حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ترکیہ دھماکے کی شدید مذمت، غم کے لمحات میں ترکیہ حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں

181

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوص برائے بین المذاہب ہم آہنگی ،مشرق وسطی وچیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ترکیہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کی عوام، علما مشائخ، سیاسی و مذہبی جماعتیں اور پاکستان علما کونسل ترکیہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس غم کرب اور حزن کے لمحات میں ہم ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تبارک تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد صحت عطا فرمائے اور غم کے لمحات جلد ختم ہوں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کی کوئی بھی شکل ہو وہ کسی بھی صورت قبول نہیں ہو سکتی، مجرم انشا اللہ کیفرکردار کو پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی طرف سے پاکستان کی عوام ، علما مشائخ ، مذہبی و سیاسی جماعتوں اور پاکستان علما کونسل کی طرف سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان، ترکیہ کی حکومت اور عوام سے اس غم ، کرب اور افسوس کے لمحات میں اظہار تعزیت کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں اللہ تعالی ہر طرح کے شر سے ترکیہ ، اسلامی ممالک، پاکستان اور حرمین شریفین کو محفوظ رکھے۔